روزگارکی آس لگائےنوجوان زندگی کی بازی ہار گیا‘ پشتونخوانیپ

June 29, 2024

کوئٹہ (آن لائن)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر چیئرمین اللہ نور خان، صوبائی نائب صدر عبدالقیوم ایڈووکیٹ اور صوبائی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی نے بیان میں سید شاہ خالد آغا کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق ایس پی کرائم برانچ سربراہ شعبہ فرانزک سید عبدالجبار آغا جون 2020 میں کورونا کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے اور حکومت و پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کورونا میں جاں بحق ہونے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو شہید قرار دیا اور ان کے پسماندگان کو معاوضہ اور شہید کوٹے میں ان کے بیٹے کو پولیس میں بھرتی کرنا تھا مگر افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ مرحوم ایس پی جبار آغا کے فرزند شاہ خالد گزشتہ چار سال میں مختلف ڈیپارٹمنٹس کے چکر لگاتے رہے اس دوران انہیں کوئی توجہ نہیں دی گئی وہ روزانہ کی بنیاد پر ان آفس کا چکر لگا لگا کر تھک گئے جس کی وجہ سے وہ 30 سال کی عمر میں گزشتہ روزحرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے ۔ بیان میں کہا گیا کہ ہر ریاست اور حکومت اپنے عوام کے جان ومال کے تحفظ اور ان کے روزگار کی ذمہ دار ہوتی ہے لیکن یہاں لوگوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا جاتا ہے جس سے لوگ ڈیپریشن، سٹریس اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں ۔ بیان میں حکومت اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مرحوم ایس پی جبار آغاکو شہید کے کوٹے کا معاوضہ اور ان کے دوسرے بیٹے کو ان کی جگہ پولیس میں نوکری دی جائے۔