حکومت نے ہر شعبے میں نوجوانوں کو نظرانداز کردیا‘ رحیم کاکڑ

July 01, 2024

کوئٹہ(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد رحیم کاکڑنے کہا ہے کہ بلوچستان میں نوجوانوں کے لئے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں، نوجوانوں کو کبھی ترجیح نہیں دی گئی، کسی بجٹ میں نوجوانوں کی ضروریات کا خیال نہیں رکھا گیا۔ہر نئی حکومت یہ کہتی ہے کہ نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے مگر افسوس آج تک کسی حکومت نے نوجوانوں کو ترجیح نہیں دی۔ پی ٹی آئی نوجوانوں کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ نوجوانوں کو ہر سطح پر مواقع فراہم کئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوجوانوں کے ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اقبال شاہ ایڈووکیٹ، میر وائس ایڈووکیٹ، عبداللہ ایڈووکیٹ، احمد شاہ ایڈووکیٹ ، عمر فاروق ایڈووکیٹ و دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان حکومت کی عدم توجہی کی وجہ سے ناامیدی کا شکار ہے ۔ جہاں پوری دنیا اس وقت نوجوانوں کی ترقی اور ہر قسم کے وسائل پر کام کر رہی ہے، وہیں بلوچستان کا نوجوان ہر شعبے میں نظرانداز ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو اس وقت ایسے پلیٹ فارم کی ضرورت ہے جہاں وہ پالیسی پر بات کر سکیں اور حکومت اور پالیسی سازی میں شامل ہو سکیں۔ تاہم حکومت نہ تو نوجوان قیادت تنظیموں پر توجہ دے رہی ہے اور نہ ہی ان کی ضروریات پرتوجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دورحکومت میں نوجوانوں کو ہر شعبے میں مواقع فراہم کئے گئے کیونکہ پی ٹی آئی نوجوانوں کی جماعت ہے جو ان کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہی۔ آج ملک کا نوجوان پی ٹی آئی کا بازو ہے، پی ٹی آئی اپنے بانی کی قیادت میں نوجوانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔