وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم نے عوام دوست سرپلس بجٹ پیش کیا ،سردار جوگیزئی

June 29, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور انکی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد مختصر عرصے میں شدید مالی مشکلات کے باوجود وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ان کی ٹیم نے عوام دوست سرپلس بجٹ پیش کیا ، بجٹ میں تعلیم ، صحت ، موسمیاتی تبدیلی ، ترقیاتی منصوبوں کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کیلئے رقم مختص کیے جانے سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہونے سے لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں وفاق کی طرز پر اضافہ کیا جس سے مہنگائی کے ستائے ہوئے سرکاری ملازمین کو ریلیف ملے گا ، امید ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔