ماں بیٹی کو دیوار میں چُنوانے کا واقعہ، 3 افراد کیخلاف مقدمہ درج

June 29, 2024

فائل فوٹو

حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں ماں بیٹی کو کمرے میں بند کر کے دیوار کھڑی کرنے کے واقعے میں متاثرہ خاتون کی مدعیت میں 3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں خاتون کا دیور، اس کی بیوی اور برادر نسبتی کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں گھر پر قبضہ، حبس بیجا میں رکھنے اور دھمکیوں کی دفعات شامل ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ دیور نے ہم ماں بیٹی کو پانی، بجلی اور گیس کی سہولت سے محروم رکھا، ملزمان نے کمرے میں بند کر کے دیوار اٹھوا کر پلاستر بھی کرا دیا تھا۔

خاتون نے بتایا کہ ملزمان نے مکان پر قبضے کی کوشش کی، جان کو خطرہ ہے، تحفظ دیا جائے۔

واضح رہے کہ حیدرآباد میں جائیداد کے تنازع پر ملزم نے بھابی اور بھتیجی کو دیوار میں چُنوا دیا تھا۔

پولیس کے مطابق خاتون اور اس کے دیور کے درمیان ملکیت پر تنازع چل رہا تھا۔