وزیراعلیٰ بلوچستان کا مفتی محمود اسپتال کا دورہ، غیر حاضر عملے کو فارغ کرنے کی ہدایت

July 01, 2024

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ کے نواحی علاقے میں مفتی محمود میموریل اسپتال کے دورے کے موقع پر متعلقہ حکام کو اسپتال میں غیر حاضر عملے کو فارغ کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ نے اچانک مفتی محمود میموریل اسپتال کچلاک کا دورہ کیا تو عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں اور طبی اسٹاف کی غیر حاضری اور صفائی کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ایم ایس مفتی محمود اسپتال سے استفسار کیا کہ پردہ نہ ڈالیں، حقائق بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ اربوں روپے غریب لوگوں کے علاج کی مد میں دیے جاتے ہیں، نتائج کچھ نہیں۔

وزیراعلیٰ نے اسپتال میں طبی عملے کی حاضری اور صفائی کی صورتحال 2 دن کے اندر بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے وارننگ دی کہ اصلاح نہ کی گئی تو کارروائی ہوگی۔