میانوالی: ہائی وولٹیج تار ٹوٹ کر گر گیا، کرنٹ سے بچہ جاں بحق ، ورثاء کا احتجاج

June 30, 2024

فیس بک ویڈیو گریب

میانوالی میں موسیٰ خیل روڈ پر واپڈا کا ہائی وولٹیج تار ٹوٹ کر روڈ پر گرنے اور کرنٹ لگنے سے 7 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا، ورثاء نے لاش روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا ہے۔

موسیٰ خیل روڈ پر واپڈا کا ہائی وولٹیج تار گزشتہ رات تیز آندھی کی وجہ سڑک پر ٹوٹ کر گر گیا تھا اور صبح کے وقت روڈ کے کنارے آباد علاقے راجمیر والہ کا 7 سالہ بچہ اس تار سے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔

بچے کے ورثاء نے لاش روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور واپڈا حکام کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ واپڈا کے ہائی وولٹیج تاروں کا ٹوٹ کر گرنا معمول بن چکا ہے اور بار بار نشان دہی کے باوجود واپڈا حکام ٹس سے مس نہیں ہوتے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واپڈا فیسکو حکام اس نا اہلی کا نوٹس لیں اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کریں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

دوسری جانب ڈی پی او میانوالی مطیع اللّٰہ نوانی نے نوٹس لیتے ہوئے واپڈا حکام کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے احتجاج کی وجہ سے بلاک روڈ کو ٹریفک کے لیے کھلوا دیا۔