وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کامیابی کیخلاف اپیل، الیکشن کمیشن کے وکیل کو مہلت مل گئی

July 02, 2024

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز—فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ میں الیکشن ٹریبونل میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کامیابی کے خلاف اپیل پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت مانگ لی جو انہیں مل گئی۔

دورانِ سماعت وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ٹریبونل میں جواب جمع کرا دیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ یہ الیکشن اپیل قابلِ سماعت نہیں، اس کا ٹرائل نہیں ہو سکتا۔

جسٹس انوار حسین نے کہا کہ قانون میں ہے کہ جلد از جلد الیکشن اپیلوں پر ٹرائل کیا جائے، ٹریبونل کو کچھ سوالات کے جوابات درکار ہیں، حلقہ پی پی 159 میں کل کتنے پولنگ اسٹیشنز تھے؟

الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب دیا کہ پولنگ اسکیم میں رجسٹرڈ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 102 ہے۔

جسٹس انوار حسین نے سوال کیا کہ فارم 45 ویب سائٹ پر جاری کیوں نہیں ہوئے؟

الیکشن کمیشن کے وکیل نے ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت مانگ لی۔

عدالتِ عالیہ نے الیکشن کمیشن کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت جولائی کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔