لوڈشیڈنگ کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج

July 02, 2024

فائل فوٹو

شدید گرمی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں عوام نے احتجاج کیا۔

کراچی ایف سی ایریا میں کے الیکٹرک کے دفتر پر مظاہرین نے دھاوا بول دیا، کے الیکٹرک کے خلاف نعرے لگائے اور پتھراؤ کر کے گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے۔

مظاہرین نے شہر میں ماڈل کالونی، لانڈھی، لیاقت آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی بھی شکایت کی۔

حیدرآباد، میرپور خاص اور جیکب آباد میں بھی شہری 14 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ پر پریشان ہیں۔

ادھر زیارت میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر زمیندار ایکشن کمیٹی نے پہیہ جام ہڑتال کی۔

کوئٹہ زیارت سڑک پر گاڑیوں کی قطاریں، بجلی کی قیمتوں اور بڑھتے بلوں پر بھی شہریوں اور تاجروں کا پارہ ہائی ہے۔

علاوہ ازیں لاہور، راولپنڈی، ملتان، بہاولنگر، جہلم، رحیم یار خان، بورے والا، لودھراں، مظفر گڑھ، بھلوال، میاں چنوں، بہاولنگر، وہاڑی سمیت کئی شہروں میں احتجاج کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین نے بجلی کے بل جلا دیے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا۔