مولانا فضل الرحمٰن جعلی حکومت کیخلاف تحریک کا اعلان کریں: بیرسٹر سیف

July 01, 2024

مشیرِ اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کو جعلی حکومت کےخلاف تحریک کا اعلان کرنا چاہیے۔

یہ بات مشیرِ اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے مولانا فضل الرحمٰن کے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن کی موجودگی میں شفاف الیکشن کا انعقاد ناممکن ہے، پہلے الیکشن کے لیے سازگار ماحول بنانا ہو گا۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ الیکشن کے نتائج فارم 47 کے ذریعے سبوتاژ کیے گئے ہیں، موجودہ چیف الیکشن کمشنر کو آئین شکنی کی قرار واقعی سزا دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے سازشی ٹولے کو بھی سخت سزا دینا ہو گی، موجودہ حکومت نے ملک کو مسائل کی دلدل میں پھنسایا ہے۔

مشیرِ اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کا مزید کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی اور کارکنوں کی رہائی کے بغیر ملک آگے نہیں جا سکتا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے بغیر نئے انتخابات ادھورے ہوں گے اور قابلِ قبول نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے پریس کانفرنس میں نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ پی ٹی آئی مذاکرات میں سنجیدہ نہیں۔