سیٹ پر نوک جھونک کے معاملے پر عظمیٰ کاردار اورحنا پرویز کا ردِ عمل سامنے آ گیا

July 01, 2024

چند روز قبلپنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے بجٹ سے متعلق خطاب کے دوران دو خواتین، رکنِ صوبائی اسمبلی کے درمیان سیٹ پر نوک جھونک کا معاملہ سامنے آیا تھا۔

مریم نواز کے خطاب کے دوران حنا پرویز بٹ اور عظمیٰ کاردار کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے عقب میں موجود سیٹ پر بیٹھنے پر بضد دیکھا گیا تھا۔

حنا پرویز اور عظمیٰ کاردار کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی جس پر ان دونوں رہنماؤں کا ردِ عمل بھی سامنے آ گیا ہے۔

ایک صحافی کی جانب سے جب حنا پرویز بٹ سے پنجاب اسمبلی کے باہر اجلاس کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار معاملے سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا۔

بعد ازاں صحافی کے بار بار سوال پوچھنے پر حنا پرویز نے رپورٹر کے اس رویے کو حراسانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ جو آپ کر رہے ہں یہ غلط ہے، یہ صحیح رویہ نہیں ہے۔‘

دوسری جانب جب یہی سوال رکنِ پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار سے پوچھا گیا تو اُن کا کہنا تھا کہ ’خدارا اس معاملے کو اتنا بڑا مسئلہ نہ بنائیں، یہ ایک چھوٹی سی بات تھی، حنا پرویز میری دوست اور بہت اچھی شخصیت کی مالک ہیں۔‘

عظمیٰ کاردار کا معاملے کی اندرونی کہانی بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ ’مجھ سے قبل حنا پرویز ہی اُس سیٹ پر بیٹھی ہوئی تھی، آذان اور نماز بریک کے دوران میں نے سمجھا کہ حنا پرویز جا چکی ہیں، اسی لیے میں اُس سیٹ پر جا کر بیٹھ گئی، مگر بیچ خطاب حنا پرویز واپس آ گئیں اور میں نے اُن کے کہنے پر سیٹ چھوڑ دی تھی۔‘