غزہ، اسرائیلی بمباری میں 25 شہید، 19 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے، اقوام متحدہ

July 03, 2024

اقوام متحدہ، غزہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک)غزہ پر اسرائیلی بمباری میں مزید 25فلسطینی شہید ، القسام اور القدس بریگیڈ کے شجاعیہ میں صیہونی فورسز پر جوابی وار ، حوثیوں کا اسرائیلی بندرگاہ حیفہ پر حملہ ، غزہ کیلئے اقوام متحدہ کی کوآرڈینیٹر نے کہا ہے کہ محصور زدہ علاقے میں بے گھر افراد کی تعداد 19 لاکھ ہوگئی ہے، اسرائیلی فوج کی جانب سے خان یونس اور رفح سے شہریوں کو انخلا کی دھمکی کے بعد ڈھائی لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں میں بمباری اور گولہ باری سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 25 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، شہداء کی مجموعی تعداد 37 ہزار 925 ہوگئی ہے، شمالی غزہ کے علاقے شجاعیہ میں اسرائیلی فوج کو حماس اور اسلامک جہاد کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے، القسام اور القدس بریگیڈز نے کہا ہے کہ انہوں نے شجاعیہ میں اسرائیلی فوج کے ٹینکوں اور فوجی اہلکاروں کو براہ راست نشانہ بنایا ہے۔ یمنی حوثیوں نے کہا ہے کہ انہوں نے عراق میں موجود مزاحمتی گروپ اسلامک ریزسٹسنس کیساتھ مل کر اسرائیلی بندرگاہ حیفہ پر کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا ہے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ اگر غزہ پر اسرائیلی حملے جاری رہے تو خطے میں کوئی بھی ریاست محفوظ نہیں رہ سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دھمکیوں بالخصوص لبنان پر حملے خطے کے مستقبل کیلئے انتہائی تشویشناک ہیں۔