لداخ، بھارتی فوج کا ٹینک دریا برد، 5 فوجی ہلاک

June 30, 2024

اسلام آباد(صباح نیوز)چینی سرحد پر دریا عبور کرنے کی کوشش کے دوران لداخ میں دولت بیگ اولڈی کے مقام پر بھارتی فوج کا ٹینک ٹی-72 دریا برد ہوگیا، جس کے نتیجے میں 5فوجی ہلاک ہوگئے، ٹینک دولت بیگ اولڈی کے مقام پر دریا عبور کرنے کی کوشش میں بہہ گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کے علاقے لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول میں دولت بیگ اولڈی کے مقام پر بھارتی فوج کا ٹینک دریا عبور کرنے کی کوشش میں بہہ گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 28جون کی شب فوجی مشقوں کے دوران بھارتی فوج کا ٹی-72 ٹینک دریائے شیوک میں سیلابی ریلے میں پھنس گیا، ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر مدد کے لیے پہنچی لیکن اچانک پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے ٹینک دریا برد ہوگیا۔ٹینک پر بھارت کے ایک جونیئر کمیشن آفیسر سمیت 5 فوجی اہلکار سوار تھے جو حادثے میں ہلاک ہوگئے۔