برطانیہ، غیر ملکی ملازمین اور طلبہ کی تعداد میں 30 فیصد کمی

July 01, 2024

لندن(نیوز ایجنسی، جنگ نیوز ) برطانیہ میں غیر ملکی ملازمین اور طلبہ کی تعداد میں 30فیصد کمی ہوگئی ہے ، برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یارکشائر کی 10بڑی یونیورسٹیوں میں سے 4خسارے میں چلی گئی ہیں جبکہ کچھ یونیورسٹیز کو عملے اورکورسز کی تعداد کم کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ 2024 کے ابتدائی پانچ مہینوں میں بیرون ملک سے آنے والے کارکنوں اور طلبہ کی تعداد 121,000 سے کم ہوکر 85,200 تک ہوگئی ہے ، کنزرویٹو اور لیبر پارٹی دونوں نے امیگریشن کو کم کرنے کے وعدے کررکھے ہیں۔ایک سروے کے مطابق برطانیہ میں سال 2024 کے کیلئے اعلی تعلیم (پوسٹ گریجوایشن)کی درخواستیں دینے والے غیر ملکی طلبہ کی تعداد میں 27 فیصد کمی آئی ہے۔ برطانوی میڈیا کا بتانا ہے کہ امیگریشن قوانین میں سختی کی وجہ سے غیر ملکی طلبا کی تعداد میں کمی آئی ہے، گزشتہ سال برطانوی حکومت کی جانب سے برطانیہ میں آنیوالوں کی تعداد کم کرنے کیلئے قوانین مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ برطانوی وزیر داخلہ جیمز کلیورلی نے پارلیمنٹ میں نئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والے ہنر مندوں کو والدین اور بچے لانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔