نشتر ہسپتال ٹو ، پہلی بارش میں ہی چھتیں ٹپکنے لگیں، ہسپتال پانی سے بھر گیا

July 08, 2024

ملتان(سٹاف رپورٹر) بارش نے حال ہی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے بنائے جانے والے نشتر ہسپتال ٹو کے تعمیراتی کام کا پول کھول دیا، نئی بلڈنگ پہلی مون سون کی بارش بھی برداشت نہ کر سکی ،چھتیں ٹپکنے سے ہسپتال پانی سے بھر گیا، بیرونی دیوار گر گئی، بارش نے غیر معیاری کام کی قلعی کھول دی،بارش کا پانی مختلف شعبوں ، وارڈوں اور کمروں ،انتظامی دفاترمیں داخل ہوگیا ، جس کی وجہ سے نہ صرف ہسپتال میں داخل مریضوں بلکہ عملہ کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ رات گئے تک مریضوں کو متبادل ،بارش سے محفوظ جگہوں پر منتقل کرتے رہے ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کی تعمیر میں مبینہ کرپشن پر انکوائری کی جائے ،اس حوالے سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کی سربراہی میں نشتر 2 کا دورہ کیا جہاں آئی ڈیپ افسران سمیت نشتر 2 انتظامیہ سے ملاقات کے دوران غیر معیاری کام اور تعمیراتی کام میں مبینہ کرپشن پر اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ، افسران نے پی ایم اے عہدے داروں کو بتایا کہ نشتر 2 میں گزشتہ کئی ماہ سے اے سی سسٹم بھی ناکارہ ہو چکا ہے ،واش روم غیر فعال ہیں تقریباً ہر وارڈ کوریڈورز دفاتر میں بارش کا پانی داخل ہو چکا ہے، جبکہ سٹاف کی بھی شدید کمی ہے اسکے علاوہ نشتر 2 ریلیف فراہم کرنے کی بجائے مسائل کا گڑھ بن چکا ہے پی ایم اے عہدیداران نے وزیراعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے ۔