مکسڈ مارشل آرٹسٹ فائٹر جیف مونسن نے اسلام قبول کر لیا

July 10, 2024

امریکی نژاد روسی مکسڈ مارشل آرٹسٹ (MMA) فائٹر جیف مونسن نے اسلام قبول کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2018 میں امریکی شہرت چھوڑ کر روسی شہریت اختیار کرنے والے مکسڈ مارشل آرٹسٹ فائٹر جیف مونسن گزشتہ ماہ دائرۂ اسلام میں داخل ہوگئے ہیں۔

انہوں نے ماسکو میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران کلمہ پڑھ کر اسلام قبول کیا تاہم اس کا باضابطہ اعلان اب سامنے آیا ہے۔

اس حوالے سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں خوشی کے آنسو کے ساتھ، ایمان لاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ مذکورہ ویڈیو کلپ کے ایک منظر میں وہ فلسطینی پرچم پہنے بھی نظر آرہے ہیں۔

جیف مونسن کے مطابق انہوں نے ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں مسلمان ظلم و جبر کا نشانہ بن رہے ہیں خاص طور سے غیر مسلم ممالک میں، یہ دیکھتے ہوئے سوچ سمجھ کر اس مشکل وقت میں مسلم امہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ مکسڈ مارشل آرٹس میں مہارت رکھنے والے کھلاڑی نے 60 فتوحات اپنے نام کی ہیں جبکہ انہیں 26 مقابلوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔