ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کے دوران بہادر فوٹو گرافرز نے جان کی پرواہ نہ کی

July 14, 2024

تصویر بشکریہ امریکی میڈیا

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کے دوران جرأت مند فوٹو گرافرز نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ہر منظر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو گولی لگنے اور اس کے بعد کے مناظر اس طرح کیمرے کی آنکھ میں قید کیے گئے کہ پورا واقعہ لوگوں اور تفتیش کاروں کے لیے محفوظ ہو گیا۔

ایک تصویر میں ڈونلڈ ٹرمپ کواسٹیج پر جھکے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس میں انہیں پورے ہوش و حواس میں اور بغیر کسی خوف میں مبتلا دیکھے جا سکتے ہیں۔

دیگر تصاویر میں بھی واضح ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو اہلکاروں نے ڈرامائی انداز سے ایک ہی لمحے میں کس طرح حصار میں لیا جبکہ خاتون اہلکار بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے ڈھال بن گئیں اور سابق صدر کے پورے جسم کو محفوظ بنا لیا۔

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے فوراً بعد اہلکاروں نے حملہ آور کو گولی مار دی تھی۔

اس موقع پر اہلکاروں کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہے کہ شوٹر مرچکا ہے، اب ڈونلڈ ٹرمپ کو اسٹیج سے گاڑی کی طرف لے جایا جاسکتا ہے جس پر سابق صدر کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے انہیں کھڑا کیا اور انہیں پورے حصار میں لے کر گاڑی کی طرف روانہ ہو گئے۔

واضح رہے کہ امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقدہ ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے جب ان پر فائرنگ ہوئی، گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔

انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ کرنے والا حملہ آور مارا گیا جبکہ ایک دوسرا شخص بھی ہلاک ہوا ہے۔