امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کے بعد ان کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ کا بیان سامنے آ گیا۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد ایوانکا ٹرمپ نے اپنے بیان میں سیکرٹ سروس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تیز رفتار کارروائیوں کی تعریف کی۔
سابق صدر کی بیٹی نے کہا کہ آج کے پُرتشدد واقعے میں میرے والد اور دیگر متاثرین کے لیے آپ کی محبت اور دعاؤں کا شکریہ، میں سیکرٹ سروس، قانون نافذ کرنے والے اور دیگر تمام افسران کا فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرنے پر ان کی مشکور ہوں۔
ایوانکا ٹرمپ نے مزید کہا کہ میں اپنے ملک کے لیے دعائیں جاری رکھوں گی، انہوں نے والد سے محبت کا اظہار بھی کیا ہے۔
علاوہ ازیں ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونئیر نے کہا ہے کہ میرے والد امریکا کو بچانے کی جنگ سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
واضح رہے کہ امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقدہ ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے جب ان پر فائرنگ ہوئی، گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔
انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ کرنے والا حملہ آور مارا گیا جبکہ ایک دوسرا شخص بھی ہلاک ہوا ہے۔