اسرائیلی فوج کے گھروں پر حملے اور بمباری، 15 فلسطینی شہید

July 16, 2024

فائل فوٹو

اسرائیلی فوج کے نصیرات میں گھر پر حملے کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 11 فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق خان یونس میں بھی گھر پر بم باری سے 4 فلسطینی شہید اور 3 زخمی ہو گئے جبکہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ 8 دنوں کے دوران غزہ میں 5 پناہ گزیں اسکولوں کو بھی نشانہ بنایا۔

علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں غزہ سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی کو گولی مار کر شہید کر دیا۔

فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے خدمات انجام دینے والے سب سے اہم ادارے ’انروا‘ کے اہلکار کا کہنا ہے کہ غزہ میں گزشتہ ہفتے ہونے والے حملے اب تک کے سب سے خونریز حملے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس نے اسرائیلی فوج کا نہ پھٹنے والا اسرائیلی میزائل 2 اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی فوج کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے بحیرۂ احمر میں 2 آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا ہے۔

علاوہ ازیں غزہ میں ترک فلسطین فرینڈ شپ اسپتال پر اسرائیلی فوج کے حملے پر ترکیے نے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

ترک وزارتِ خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ حملے کی ذمے دار اسرائیلی فوج کو عالمی عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ترک وزارتِ خارجہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کا تباہ شدہ اسپتال کے سامنے تصویریں بنوانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا ثبوت ہے، اسپتال کو فوجی اڈے کے طور پر استعمال کرنا اسرائیل کی منظم پالیسی کا حصہ ہے۔