حکمران شکست تسلیم کریں اورمستعفی ہوکر گھر کی راہ لیں،تحریک انصاف

July 24, 2024

کوئٹہ(پ ر) تحریک انصاف کے رہنما حاجی سیف اﷲ کاکڑ نے کہا ہے کہ سیاسی ،قانونی اور عوامی فورمز پر تحریک انصاف کی فتح کے بعد بھی اس کے خلاف منفی حربوں اور سازشوں کا سلسلہ بند نہیں ہوا۔ تحریک انصاف کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے خود ہی مٹ جائیں گے ۔ پارٹی کے سنٹرل سیکرٹریٹ پر چھاپے کی مذمت کرتے ہیں، تمام گرفتار رہنماؤں و کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنی پرامن جدوجہد کی بدولت سیاسی قانونی عوامی اور عالمی فورمز پر کامیابی حاصل کرلی ہے مگر اب بھی اس کے خلاف مکروہ سازشوں اور ہتھکنڈوں کا سلسلہ جاری ہے ،حکمرانوں کو مہنگائی بیروزگاری بدامنی بجلی و گیس کے بھاری بلوں کی کوئی پرواہ نہیں وہ تحریک انصاف کو کچلنے کی خواہش میں ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں ، پوری دنیا میں حکمرانوں کی جگ ہنسائی ہورہی ہے، مگر وہ اندھا دھند غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات سے پیچھے ہٹنے کیلئے تیار نہیں، انہوں نے پارٹی کے سنٹرل سیکرٹریٹ پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بھونڈے اقدامات سے تحریک انصاف کو ختم نہیں کیا جا سکتا ،حکمران اپنی شکست تسلیم کریں اور مستعفی ہوکر اپنے گھر کی راہ لیں،غیرآئینی اقدامات انہیں مزید ایکسپوز کررہے ہیں ۔