جعلی کمپنی کے نام پر شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ملوث 2 انسانی اسمگلرز گرفتار

July 25, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر )ایف آئی اے نے جعلی کمپنی کے نام پر شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ملوث 2 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے مطابق گرفتار ملزمان میں عمر عاصم اور حارث خان شامل ہیں۔ملزمان امگرا لمیٹڈ کے نام سے کنسلٹینسی فرم چلارہے تھے۔ملزمان کو طارق روڈ سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان نے جعلی ہیلتھ کئیر فرم ظاہر کر کے شہری کو برطانیہ ملازمت کا ویزا دیا اور ملزمان نے شکایت کنندہ سے مجموعی طور پر 70لاکھ روپے بٹورے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے جعلی کمپنی کے نام پر مجموعی طور پر 40شہریوں کو ویزے دئیے۔ چھاپے کے دوران ملزمان سے چیک بکس، اسٹیمپ پیپر، وزیٹنگ کارڈز ،لیپ ٹاپ، موبائل فون اور متعدد سفری دستاویزات برآمد کر لی گئی ہیں۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔