پی سی بی، غیر ملکی دوروں میں ڈسپلن کی خلاف ورزی، حیران کن فیصلوں کا امکان

July 26, 2024

کراچی(عبدالماجدبھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈسپلنری کمیٹی آئرلینڈ،انگلینڈ اور امریکا کے دوروں میں ڈسپلن کی خلاف ورزیوں میں ملوث کھلاڑیوں کے خلاف سزاؤں کا تعین کریگا۔ اگلے دو ہفتے میں حیران کن فیصلوں کا امکان ہے۔پی سی بی کے ایک بااثر اور ذمے دار افسر نے نام نہ بتانے کی شرط پر جنگ کو بتایا کہ ڈسپلنر ی کمیٹی کوچز اور منیجرز کی رپورٹس کا جائزہ لے کر کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کی سفارش کریگی۔ رپورٹس میں ایک سینئر کھلاڑی تین بار ڈسپلن کی خلاف ورزی میں ملوث رہا تھا۔اس کا کیس سب سے مشکل ہے کیوں کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اس کھلاڑی کا کردار اہم ہوسکتا ہے۔ اگر کمیٹی اس کھلاڑی کو کلیئر کرتی ہے تو اسے ٹیم میں شامل کیا جائے گا مگراس کھلاڑی کی جانب سے پی سی بی حکام پر پریشر بڑھایا جارہا ہے لیکن چیئرمین محسن نقوی نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ ذمے داروں کو معاف نہ کیا جائے۔ امریکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تباہ کن کارکردگی کے پس منظر میں ڈسپلن کی خلاف ورزی کے واقعات بھی سامنے آئے جن کا ذکر منیجر وہاب ریاض، منصور رانااور ہیڈ کوچ گیری کرسٹین کی رپورٹس میں موجود ہے۔ذمے دار ذرائع کے مطابق ایک کھلاڑی جس سے ورلڈ کپ میں پاکستان کو بڑی امیدیں وابستہ تھیں وہ ڈسپلن کی خلاف ورزیاں کرتے رہے اور ٹیم انتظامیہ خاموش رہی۔ورلڈ کپ کے بعد سینئر منیجر وہاب ریاض اور منیجر منصور رانا کو برطرف کردیاگیا۔