پشاور، 2000 سے زائد نشے کے عادی افراد کو بحالی مراکز منتقل کرنیکا فیصلہ

July 26, 2024

پشاور ( وقائع نگار )کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر قیادت نشے سے پاک پشاور مہم کے تیسرے مرحلے کا آغاز اگست کے پہلے ہفتے سے کیا جائے گا جس کے لیے باقاعدہ حکمت عملی طے کر کے ضلعی انتظامیہ پشاور اور محکمہ سوشل ویلفیئر کو ضروری ہدایات جاری کئے گئے اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن ریٹائرڈ سرمد سلیم،ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر نور محمد، محکمہ ایکسائز،محکمہ اینٹی نارکاٹکس اور نجی بحالی مراکز کے منتظمین نے شرکت کی ۔اجلاس میں پشاور کو نشے کے عادی افراد اور پیشہ ور گداگروں سے مکمل پاک کرنے کے لیے حکمت عملی وضع کی گئی آپریشن ماہ اگست کے پہلے ہفتے سے کیا جائے گا آپریشن کے لئے وضع کی گئی حکمت عملی کے تحت پشاور کے سڑکوں پر موجود 2 ہزار سے زائد نشے کے عادی افراد کو ایک ساتھ تحویل میں لیکر بحالی مراکز منتقل کیا جائے گا تاکہ شہر کو نشے کے عادی افراد سے مکمل پاک کیا جاسکے جس کے لیے نجی بحالی مراکز میں تعداد کے مطابق گنجائش پیدا کی گئی ہے نشے کے عادی افراد کے علاج کا دورانیہ 4 ماہ ہوگا جس کے بعد صحتیاب ہونے والے افراد کو ان کے خاندانوں کے حوالے کیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ پیشہ ور گداگروں کے خلاف آپریشن کیا جائے گا اور مختلف ذرائع سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق پشاور کے سڑکوں پر موجود پیشہ ور گداگروں کو تحویل میں لیکر محکمہ سوشل ویلفیئر کے حوالے کیا جائے گا جہاں پر ان کو مختلف ہنر سکھا کر ان کو معاشرے کے مفید شہری بنائے جائیں گے کم عمر گداگر بچوں کو فلاحی ادارے زمنگ کور منتقل کیا جائے گا جہاں پر ان کی مفت رہائش،تعلیم و تربیت کا بندوبست کیا گیا ہے