سی ڈی اے سے اہلیت سرٹیفکیٹ کے عوض پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا ریکارڈ طلب

July 27, 2024

اسلام آ باد (رانا غلام قادر، نیوز رپورٹر )ایف آئی اے نے سی ڈی اے سے اہلیت سر ٹیفیکیٹ (EC) کے عوض مختلف سیکٹرز میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا مکمل ریکارڈطلب کر لیا ۔ ڈپٹی ڈی لینڈ عنبر گیلانی کے نام لکھے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ای سی کے عوض الاٹ کئے گئے تمام پلاٹوں کی فائلوں کا ریکارڈ فر اہم کیا جا ئے ۔ ای سی کے عوض الاٹ کئے گئے ان پلاٹوں کی بھی تفصیل فر اہم کی جا ئے جن میں الاٹمنٹ میں تبدیلی (Corrigendum) کی گئی ۔ای سی لینڈکی فرانزک رپورٹبھی مانگی گئی ہے۔سابق ممبر اسٹیٹ افنان عالم کی تعیناتی کے عرصہ میں الاٹ کئے گئے پلاٹوں کا رجسٹر مانگا گیا ہے۔ جو ای سی یا پرمٹ ایشو کئے گئے اور ان میں سے جو سرنڈر کئے گئے اور ان کے عوض مختلف سیکٹرز میں پلاٹ الاٹ کئے گئے ان کا ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔مراسلہ کے مطابق پر مٹ کے اجراء میں یہ بے ضا بطگی سامنے آئی ہے کہ بعض الاٹیوں نے کالونی اضلاع میں زرعی زمین الاٹ کرائی اور بعد میں ر ہائشی پلاٹ بھی لے لئے اور ڈبل بینفٹ لیا جو غیر قانونی ہے۔ایف آئی اے اس الزام کی انکوائری کر رہا ہے۔