تعلیمی کیریئر پر سوالات اور ان کے جوابات

April 24, 2014

س۔ سر میں نے بی ایس انفارمیشن اسلام آباد سے اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی سے مکمل کیا ہے اب میں ایم فل بی زیڈ یو ملتان سے کر رہی ہوں اور میرا تیسرا سمیسٹر جاری ہے۔میری رہنمائی کریں کہ مجھے آگے پی ایچ ڈی کے لئے کس فیلڈ کا انتخاب کرنا چاہئے جس میں مجھے ملازمت کے مواقع میسر ہوں اور میرے کیریئر کیلئے مفید ثابت ہو۔(انیسہ کنول،ملتان)
ج۔آپ کے لئے ایم ایس سی مولیکیولر یا سیل بائیولوجی ایک آپشن ہے اور دوسری جینٹک سائنس ہو سکتی ہے جس سے آپ سیلز سے متعلق ریسرچ پروجیکٹس پر اندرون و بیرون ممالک میں کام کر سکتی ہیں۔30اپریل بروز بدھ،صبح 10بجے سے دوپہر 2بجے تک میں بہائوالدین زکریا یونیورسٹی میں ایک نامور انٹرنیشنل یونیورسٹی کے نمائندوں کے ہمراہ وزٹ کروں گا اور اس انٹرنیشنل یونیورسٹی کا بائیو سائنسز کا شعبہ مضبوط اور مستحکم ہے۔ آپ اور آپ کے ڈیپارٹمنٹ کے طلباء اور طالبات اگر ملاقات کرنا چاہیں تو وہ ضرور آ سکتے ہیں۔
س۔میرا بیٹا نسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں انڈسٹریل انجینئرنگ کر رہا ہے اور لمز یونیورسٹی لاہور میں اس کو کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ میں اسکالر شپ پر داخلہ مل گیا ہے۔برائے مہربانی مجھے بتائیں کہ وہ نسٹ یونیورسٹی میں پڑھائی جاری رکھے یا لمز میں اسکالرشپ کا انتخاب کرے؟ (فخر عالم،لاہور)
ج۔لمز ایک بہترین ادارہ ہے اور اگر وہ آپ کے بیٹے کو مکمل اسکالر شپ دے رہے ہیں تو میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہو گا۔آپ کا بیٹا اپنے حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے لیکن میرا مشورہ یہ ہے کہ آپ لمز کا انتخاب کریں۔
س۔عابدی صاحب میرا بیٹا اس سال اے۔لیول پاس کر لے گا اور جن مضامین کا اس نے انتخاب کیا ہے وہ فزکس، کیمسٹری، حساب اور کمپیوٹنگ ہیں۔ وہ آگے پیٹرولیم یا کیمیکل انجینئرنگ میں سے کسی ایک میں داخلہ لینا چاہتا ہے ۔وہ کمپیوٹنگ کے مضامین میں بھی بہترین ہے برائے کرم آپ مجھے بتائیں کہ اس فیلڈ میں کس ادارے کا اچھا اسکوپ ہے؟ (اقرار صدیقی،لاہور)
ج۔ میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ کا بیٹا کیمیکل اور پیٹرولیم انجینئرنگ کے علاوہ الیکٹرونکس، کمیونیکیشن یا میکاٹرونکس انجینئرنگ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے ان مضامین میں سے کسی ایک کا انتخاب اسے مستقبل میں آگے بڑھنے کے بے شمار مواقع فراہم کرے گا۔ اگر آپ کے بیٹے کا حساب اور فزکس اچھا اور مضبوط ہے تو بیشک وہ ان میں سے کسی ایک میں ضرور آگے بڑھ سکتا ہے۔
س۔سر میں ایف ایس سی پارٹ ٹو کا طالب علم ہوں اور پارٹ ون میں میرے 87% مارکس ہیں۔ میٹرک میں میرے 94% مارکس تھے۔ برائے کرم میری رہنمائی کریں کہ مجھے انجینئرنگ کے کس شعبے میں جانا چاہئے یا مجھے کمپیوٹر سائنس کا کونسا شعبہ اختیار کرنا چاہئے۔ میری دلچسپی مکینکل اور سول انجینئرنگ دونوں میں ہے لیکن میں یہ فیصلہ نہیں کر پا رہا کہ کس فیلڈ کا انتخاب کروں؟ (علی اصغر،اسلام آباد)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ جب آپ ایف ایس سی مکمل کر لیتے ہیں تو آپ الیکٹرونکس، کمیونی کیشن انجینئرنگ یا سوفٹ ویئر ڈیولپمنٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتے ہیں لیکن مکینیکل اور الیکٹریکل انجینئرنگ کا کمبینیشن میکاٹرونکس انجینئرنگ ہے آپ اس کا بھی انتخاب کر سکتے ہیں۔
س۔میری بیٹی COMSATSیونیورسٹی سے ایم ایس سی کر رہی ہے اور اس کا آخری سمیسٹر جاری ہے اور امید ہے کہ وہ 3.5سی جی پی اے حاصل کرنے میں کامیاب ہو گی،میرا آپ سے یہ سوال ہے کہ ایم ایس سی کے بعد اس کا کیریئر اسکوپ کیا ہو گا اور اسے کس شعبے کا انتخاب کرنا چاہئے؟ (محمد حسین،اٹک)
ج۔آپ کی بیٹی کو ایسے اداروں کو منتخب کرنا چاہئے جن میں آپ کی بیٹی کو آئی ٹی سے متعلقہ اداروں میں ملازمت کے مواقع حاصل ہوں اور ان میں سے چند ایک نادرا اور ٹیلی کمیونی کیشن کمپنیاں ہیں اور ایسی کمپنیوں کو کمپیوٹر سائنس ایکسپرٹ لوگوں کی تلاش ہوتی ہے جو ان کا سوفٹ وئیر نیٹ ورک مضبوط اور محفوظ کر سکیں اور جب آپ کی بیٹی چند سال ایسی فیلڈ میں کام کر لے گی تو وہ آگے کسی top-up ڈگری کا انتخاب کر سکتی ہے جو اندرون اور بیرون ممالک کی بہترین یونیورسٹیوں میں کرائی جاتی ہے۔