پی ٹی وی کا مزاحیہ پروگرام’ففٹی ففٹی ‘ امریکیوں میں مقبول

July 29, 2016

پاکستان ٹیلی ویژن پر 80کی دہائی میں نشر ہونیوالے مزاحیہ خاکوں پر مبنی ٹی وی پروگرام’ففٹی ففٹی‘نے دیکھتے ہی دیکھتے اتنی مقبولیت حاصل کر لی تھی کہ آج کئی دہائیاں گزر جانے کے بعد بھی اس پروگرام کے کردار اور خاکے عوام میں مقبول ہیں۔

حال ہی میں کراچی میں واقع امریکی قونصلیٹ نے مزاح سے بھرپور ایسی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی ہے، جس میں امریکی قونصلیٹ اراکین’ففٹی ففٹی‘پروگرام کے مختلف مزاحیہ خاکے دیکھ کر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

طنز و مزاح پر مبنی اس پروگرام کی عوام میں مقبولیت کے پیشِ نظر اس ری ایکشن ویڈیو کو امریکی قونصلیٹ نے اپنی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اَپ لوڈ کیا ہے، جس میں کراچی میں موجودامریکی قونصلیٹ کے اراکین ویڈیو دیکھتے ہوئے دلچسپ تبصروں میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔

کہیں تو کوئی اسماعیل تارا کو مولا جٹ کے روپ میں انگریزی میں ڈائیلاگ بولتے دیکھ کرچونک رہا ہے تو کہیں کوئی بشریٰ انصاری اور زیبا شہنازکو شادی کے گیت گاتے دیکھ کراداس ہونے کی وجہ پر غور کرتا دکھائی دے رہا ہے، اور تو اور کسی نے تو ان کے ڈائیلاگ’کم بیک رانو‘کوہالی وڈ کی معروف فلم ٹائی ٹینک کے ڈائیلاگ ’کم بیک جیک‘سے مشابہہ قرار دے دیا۔

خاکوں میں موجودکرداروں ، سیٹ ، اور گانوں کی ٹیون کی بھی تعریف کی گئی ۔ویڈیو میں قونصلیٹ عملے کے ایک خاتوب رُکن نے پاکستانی ڈراموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ سیریل’ ہمسفر‘ اور’ زندگی گلزار ہے‘ ان کے پسندیدہ ڈراموں میں سے ایک ہیں، جس کی وجہ فواد خان ہیں کیونکہ فواد خان ان کے پسندیدہ اداکا رہیں۔