اولمپکس میں احتجاج ،منگولین کوچزنے شرٹ اور جوتے اتار دیئے

August 22, 2016

ریو اولمپکس میں مقابلوں کے آخری روز ریسلنگ ایرینا میں اُس وقت بدمزگی پیداہوگئی جب منگولین کوچز نے اپنے پہلوان کے خلاف فیصلہ آنے پر احتجاجاً شرٹ اور جوتے ججز کے سامنے اُتار دیئے۔

ریسلنگ مینز فری اسٹائل کی 65 کلو گرام کیٹیگری میں کانسی کے تمغے کے لیے منگولیا اور اُزبکستان کے درمیان مقابلہ ہورہا تھا۔

کھیل کے آخری لمحات میں منگولیا کے ریسلر حریف پر ایک پوائنٹ کی برتری لیے ہوئے تھے لیکن جب مقابلے کے بعد نتیجہ آیا تو ججز نے ازبک پہلوان کو فاتح قرار دیا۔

ججز کا کہنا تھا کہ منگولیا کے پہلوان آخری لمحات میں اُزبک پہلوان سے دور دور رہے اور اُن سے فائٹ نہیں کی جبکہ اس دوران وہ اپنے ایک کوچ کو بھی ریسلنگ میٹ پر لے آئے۔

اس فیصلے پر منگولیا کے پہلوان کے دونوں کوچز نے اپنی شرٹس اور جوتے احتجاجاً ججز کے سامنے اُتاردیئے۔