الطاف سے مکمل اعلان لاتعلقی، پہلے قائد پھر بانی اب صاحب ہوگئے، ڈو مور کا مطالبہ بند کیا جائے، ڈکٹیشن ادھر سے لیں گے نہ ادھر سے، فاروق ستار

August 28, 2016

کراچی (اسٹاف رپورٹر‘ایجنسیاں) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے مائنس ون فارمولے کی توثیق کرتے ہوئے الطاف حسین سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کردیا‘ انہوں نے الطاف حسین کو پہلے قائد پھر بانی اور اب صاحب قرار دیدیا‘فاروق ستار نے کہاکہ پوری ایم کیو ایم نے اپنی جگہ رہ کر لندن سے تعلق توڑ دیا ، 23اگست کو لکیر کھینچ دی‘ اب فیصلہ سازی کا لندن سےکوئی تعلق نہیں ‘ قطع تعلق کا مطلب ڈسکنیکٹ اور ٹوٹل ڈسکنیکٹ ہے‘ہمیں موقع دیا جائے اور ہماری سیاسی آزادی بحال کی جائے اور دفاتر مسمار کرنے کا سلسلہ بھی بند کیا جائے، نائن زیرو بھی کھولا جائے۔پس پردہ 4یا 5ایم کیو ایم بنانے کے ایجنڈے پر کام ہورہا ہے‘ ہماری گھریلو خواتین ‘ ماؤں ‘ بہنوں کو بلا جواز گرفتارکر کے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا گیا ‘ و زیر اعظم ‘وزیر داخلہ ‘ وزیر اعلیٰ سندھ ‘مریم نواز اور دیگر ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ ہماری خواتین کی گرفتاریوں کا نوٹس لیا جائے ‘ نہ ادھر سے ڈکٹیشن لیں گے نہ ادھر سے ‘ہماری پالیسی ملکی مفاد کیخلاف نہیں‘موقع دیاجائے‘ضمانت دیتا ہوں ہمارے پلیٹ فارم سے پاکستان مخالف نعرے آئندہ کبھی نہیں لگیں گے‘ اپنی نیک نیتی اور خلوص پر شک کرنے کا حق ہم کسی کو نہیں دینگے‘ ڈو مور کا مطالبہ بندکیاجائے‘ خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم کا مینڈیٹ تھا ‘ ہے اور رہے گا ‘اگر کسی کو الیکشن کے اندر پنجہ آزمائی کا شوق ہے تو 2018 کا انتظار کرے۔ وہ ہفتہ کو ایم کیوایم کے عارضی مرکز گھانچی ہال میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔فاروق ستار نے کہاکہ ایم کیو ایم کی سیاسی سرگرمیوں پر غیر اعلانیہ پابندی ختم ہونی چاہیے‘ 23 اگست کو ہم نے ایک لکیر کھینچی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ اب ہمارے فیصلوں ، فیصلہ سازی اور پالیسیوں کا تعلق لندن سے نہیں ہے‘ جب میں کہتا ہوں کہ اب تعلق لندن سے نہیں تو مطلب ہے کہ الطاف صاحب سے بھی تعلق نہیں اس سے زیادہ میں کسی کی تسلی تشفی نہیں کر سکتا۔ پھر بھی اگر کوئی گمراہ ہونا چاہتا ہے تو ہوتا رہے‘ اگر فیصلے ہمارے ہیں توالفاظ اور نیت بھی ہماری ہو گی‘ کوئی ہماری زبان میں اپنے الفاظ دے کر اپنے مطلب کے الفاظ نکالنا چاہتا ہے تو وہ اردو ڈکشنری سامنے رکھ لے ا ور ہمارے الفاظ کا درست مطلب نکال لے‘اگر اب بھی کسی کو ہماری نیت پر شک ہے تو ہماری جان لے کر شک دور کر لیں‘ ہم اپنی سیاسی اونر شپ مانگ رہے ہیں۔ پالیسی رولرشپ ہمارا سیاسی اور جمہوری حق ہے کوئی خیرات نہیں مانگ رہے‘فاروق ستار نے کہا کہ اب نہ ہم ادھر سے ڈکٹیشن لیں گے نہ ادھر سے لیں گے‘جب تک انتخابی نظام کا مینڈیٹ قائم ہے‘ ہمارا مینڈیٹ تسلیم کیا جائے‘ پاکستان کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت کا مرکزی دفتر صرف ایک فرد کے بیان کی وجہ سے بندہے انہوں نے کہا کہ اگر میڈیاہاؤسزپر حملے کرنے والی خواتین کو گرفتار کیا جائے گا تو ہمارا تعاون رہے گا۔ لیکن ہماری نومنتخب کونسلر خاتون کو گرفتار کیا گیا جس کا کوئی قصور نہیں‘ ہمیں رینجرز کی حراست میں میڈیا ہاؤسز پر حملے کی ویڈیوز دکھائی گئیں ان خواتین کو ہم نہیں پہچان سکے لیکن جن کو گرفتار کیا گیا وہ خواتین ان ویڈیوز میں نہیں تھیں۔ 99 فیصد بے قصور کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے‘ ان سے لگتا ہے کہ معاملہ ایک شخص کے بیانات کا نہیں ہے پس پردہ کوئی اور ایجنڈا ہے۔ 4 سے 5 ایم کیو ایم بنانے کے ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے۔ ایک ایم کیو ایم پاکستان ہم ہیں‘ ایک کو ایم کیو ایم لندن کہا جا رہا ہے‘ ایک نئی ایم کیو ایم وجود میں آئی ہے ایک ایم کیو ایم حقیقی ہے۔ آپریشن کے خاتمے تک پانچویں بھی بن جائے گی۔ مہاجروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ہمارے درجنوں قانونی اور رجسٹرڈ دفاتر کو مسمار کیا گیا ہے۔پارک کی زمینوں پر قائم دفاتر تب کیوں نہیں توڑے گئے جن میں یا مصطفی کمال میئر تھے 20 سال بعد کیسے یاد آ گیا کہ کوئی غیر قانونی دفاتر ہیں تو ہمیں بتائیں ہم خود مسمار کر دیں گے‘ جب ہم تعاون کیلئے تیار ہیں تو کوئی ہم سے بھی تو رابطہ کرے‘وسیم اختر حلف اٹھانے کے بعد سب سے پہلے تجاوزات ختم کریں گے‘ ایم کیو ایم کے غیر قانونی دفاتر بھی ختم کریں گے‘ ضمانت دیتے ہیں کہ پاکستان مخالف نعرے ایم کیو ایم کے پلیٹ فارم سے دوبارہ نہیں لگیں گے‘انہوں نے کہا کہ ہم ثابت کریں گے کہ ایم کیو ایم اور تشدد دو الگ الگ چیزیں ہیں۔