وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہو گا

August 31, 2016

وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سپریم کورٹ میں کالعدم قرار دیے گئے،بعض قوانین کی منظوری لی جائے گی۔

اعلیٰ سطح ذرائع نے جیونیوز کو بتایاہے کہ وزیراعظم نوازشریف نےوفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج وزیراعظم آفس میں طلب کیا ہے جس میں سپریم کورٹ میں کالعدم قرار دیے گئے،بعض قوانین کی منظوری لی جائے گی۔

ذرائع کا کہناہے کہ سپریم کورٹ نے وزارت خزانہ اور دیگر وزارتوں سے متعلق بعض قوانین کی منظوری وفاقی کابینہ سے نہیں لی تھی اور سپریم کورٹ نے وزیراعظم کے ان فیصلوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان قوانین کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ سے رجوع کرنے کو کہا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ آج کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے کالعدم قرار دئیے گئے موبائل فون پر ٹیکس لیوی کے نفاذ اور تیار شدہ ٹیکسٹائل مصنوعات پر دو فیصد اضافی سیلز ٹیکس کےنفاذ سمیت بعض دیگر ٹیکس لاز سےمتعلق فیصلوں کی توثیق کرےگی۔