الطاف کیخلاف کارروائی کیلئے پاکستان کا خط مل گیا، برطانوی ہائی کمشنر

August 31, 2016

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے الطاف حسین کے خلاف کارروائی سے متعلق خط موصول ہوگیا، ٹھوس ثبوت ملنے کے بعد ہی کارروائی کی جا سکے گی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے بتایا کہ برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں انہوں نے بانی ایم کیوایم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور بتایا ہے کہ قائد ایم کیو ایم ہمارے لیے مسئلہ بن گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ حکومت پاکستان کا خط مل گیا ہے، ابھی ہمارے پاس ٹھوس ثبوت نہیں ہیں، ثبوت ملنے پر کارروائی کریں گے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار سے بھی برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی ہے جس کے دوران پاک برطانیہ تعلقات اور مختلف امور میں جاری دوطرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔