کوئٹہ میں کانگو کے 7 مشتبہ مریض اسپتال منتقل

September 24, 2016

خبردار ہوشیار، عیدالاضحی گزرگئی لیکن کانگو وائرس کا خطرہ نہیں ٹلا،بلوچستان اور پنجاب میں کانگو کے وار جاری ہیں ۔

لاہور کے نجی اسپتال میں داخل کانگو وائرس کی مشتبہ مریضہ دم توڑ گئی، پنجاب میں رواں سال کانگو سے مرنےوالوں کی تعداد چار ہوگئی۔

کوئٹہ میں بھی کانگو کے سات مشتبہ مریض اسپتال لائے گئے ،اس وقت کوئٹہ کے مختلف اسپتالوں میں کانگو وائرس کے چودہ مریض زیرعلاج ہیں ۔

فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ اسپتال کوئٹہ میں کانگو وائرس کے شبہ میں مزید 7 مریضوں کومنتقل کردیا گیا ہے۔

چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عباد نوتکانی کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران خاتون سمیت 7مریضوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے،مریضوں میں 5کا تعلق کوئٹہ جبکہ ایک چمن اور ایک دالبندین سے ہے۔

مریضوں کے خون کے نمونے تجزیہ کے لیے متعلقہ لیبارٹری بھجوارہے ہیں، اس وقت اسپتال میں کانگووائرس کے شبہے میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 14ہے، ان میں کانگو وائرس کا ایک متاثرہ مریض بھی شامل ہے، تاہم حالت بہتر ہے۔