جیو نیوز نے میری انتخابی مہم کے دوران شاندار کوریج کی، میئر لندن صادق خان

May 08, 2024

فائل فوٹو۔

میئر لندن صادق خان نے کہا ہے کہ جیو نیوز نے انکی امتخابی مہم کے دوران شاندار کوریج کی۔

میئر لندن صادق خان نے اپنے عہدے کی تیسری مدت کیلئے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں مئیر لندن کی اہلیہ اور بیٹیاں بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔

مسلسل تیسری بار میئر لندن منتخب ہونے والے صادق خان نے جیو نیوز کو خراج تحسین کیا۔ میئر صادق خان نے کہا کہ جیو نیوز نے میری انتخابی مہم کے دوران شاندار کوریج کی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیو نیوز نے نسلی تعصب، اسلامو فوبیا اور فیک نیوز کو بے نقاب کیا۔

واضح رہے کہ انتخابات کے دوران صادق خان کو اپنی ٹوری حریف سوزن ہال کے مقابلے میں 27 ہزار 500 زائد ووٹ ملے۔

صادق خان کے مطابق انتخابی مہم کے دوران نفرت انگیز اور فیک نیوز کا سامنا رہا۔ انتخابی مہم کے دوران ایشائیوں کے دروازے پر جاتا تو وہ بتاتے آپ کو جیو نیوز پر دیکھا تھا۔

پاکستان کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انہیں لندن کا تیسری بار میئر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی جس پر صادق خان نے ان سے اظہار تشکر کیا۔

صادق خان کا کہنا تھا کہ میری کامیابی کےلیے لاکھوں افراد خصوصاً پاکستانیوں نے دعائیں کیں۔

صادق خان نے کہا کہ میرے والد کی طرح دیگر ایشائیوں نے سخت محنت کی۔ تمام اقلیتوں کی کامیابی کا راز متحد ہونے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دائیں بازو کی دھمکیوں کا مقصد ہمیں خوفزدہ کر کے مرکزی سیاست سے دور رکھنا ہے۔

صادق خان نے کہا کہ پاکستان سے متعلق بہت زیادہ تعصب اور منفی رحجان کا پایا جانا خطرناک ہے، تمام تعصبات نظر انداز کر کے مجھے کامیاب بنانے پر لندن کے تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں۔