جو کام حکومت کا تھا، وہ لاہورقلندرز نے کر دکھایا، شہباز شریف

September 24, 2016

لاہورمیں لاہورقلندرز کے جاز رائزنگ اسٹارز کا ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ شروع ہوگیا، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جو کام حکومت کا تھا وہ لاہورقلندرز نے کردکھایا ہے، لاہورقلندر کے پروگرام کو بھرپورسپورٹ دیں گے۔

قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرزرائزنگ اسٹارز کے ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

شائقین کی بڑی تعداد لاہوراورفیصل آباد کے درمیان پہلا میچ دیکھنے کیلئے بے تاب تھی، مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہورقلندرز کے چیئرمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو بھرپور سپورٹ دیں گے۔

لاہور قلندرز کے چیئرمین رانا فواد کا کہناتھاکہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کےتحت ایک لاکھ سے زائد لڑکوں کا ٹرائل لیا گیا، مقصد قذافی اسٹیڈیم کو آباد کرنا ہے۔

تقریب میں شریک افراد نے لاہورقلندر کی کاوش کی دل کھول کرتعریف کی، اس پروگرام سے دوردراز کے لڑکوں میں کچھ کرگزرنے کی لگن پیدا ہوئی ہے۔

لاہورقلندر کے ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ٹورنامنٹ کا فائنل یکم اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائےگا ۔