پاک بھارت کشیدگی،بہترین حل مذاکرات، امریکا،چند سال قبل دونوںملکوں میں اہم پیش رفت ہوئی تھی، ترجمان وائٹ ہائوس

September 25, 2016

واشنگٹن(جنگ نیوز) امریکا کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت اپنے اختلافات کا حل سفارتکاری سے نکالیں تشدد سے نہیں۔ واشنگٹن میں ترجمان وائٹ ہائوس جوش ارنسٹ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران اس سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، امید ہے دونوں ممالک ایسی پیش رفت جاری رکھیں گے جس سے خطے میں استحکام آئے گا۔ترجمان وائٹ ہاوس نے اوڑی حملے کی براہ راست مذمت سے گریز کیا اور کہا کہ دنیابھرمیں جہاں دہشت گردی ہواس کی مذمت کرتے ہیں،اوڑی واقعے کے حوالے سے کچھ پبلک رپورٹس دیکھی ہیں ،ہم گزشتہ طویل عرصے سے پاکستان اور بھارت پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنے اختلافات کا حل تشدد سے نہیں بلکہ سفارت کاری کے ذریعہ نکالیں ۔اس حوالے سے دونوں ملکوں نے اہم پیشرفت بھی کی ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ دونوں ممالک اس قسم کی پیشرفت جاری رکھیں گے جس سے خطے میں استحکام آئے گا،بریفنگ کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ کیا حال میں ہی نئی دہلی یااسلام آبادسے وائٹ ہاوس کاکوئی رابطہ ہوا ، تو ان کا کہنا تھا کہ نہیں انکا کوئی رابطہ نہیں ہوا اس بار ے میں محکمہ خارجہ سے پوچھیں۔ جوش ارنسٹ نے کہا کہ مذاکرات سے خطے میں امن اور استحکام آئے گا۔