ممکن ہے پاگل خان اور شیخ شیطان رائیونڈ مارچ میں کوئی شرارت کرجائیں، رانا ثناء

September 29, 2016

لاہور(خصوصی نمائندہ) صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ خاں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ رائے ونڈ مارچ کی ناکامی پر عمران خان ’’ شیخ ‘‘کے کہنے پر حالات خراب کر سکتے ہیں مگر ہم نے ایسے حالات سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے کسی کوقانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے،ممکن ہے پاگل خان اور شیخ شیطان کوئی شرارت کرجائے،عمران خان نے سیاست میں گندی زبان کومتعارف کروایا ہے مگر ایسی زبان استعمال کر نا نون لیگ کا وتیرہ نہیں ‘عمران خان لاہوریوں کو سزا دے رہے ہیں ‘(ن) لیگ کے کارکنوں کو سختی سے کہاہے وہ پی ٹی آئی کے مارچ اور جلسے کے روٹ پر سیاسی سر گرمیاں نہیں کریں گے ،محرم الحرام میں تھریٹ الرٹس موجود ہیں جبکہ سرحد پرپائی جانے والی ٹینشن کے پیش نظر سکیورٹی کو مزید سخت کیا گیا ہے ،محرم الحرام میں فوج اور رینجرز کی 82کمپنیاں پولیس اور انتظامیہ کی مدد کیلئے موجودو ہوں گی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید اور پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیں۔ رانا ثنااللہ خاں نے کہا کہ ایک شخص جو خود کو قومی لیڈر کہتا ہے وہ سیاسی مخالفین کے خلاف انتہائی بد تمیزی والی گفتگو کرتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ پانچ لاکھ افراد ہوںگے میں کہتاہوںکہ اگر وہ دو لاکھ کوبھی اکٹھا کر لیں توہم سمجھیں گے بڑی جماعت ہے اور ہم بڑی جماعت کے مقابلے کی تیاری کرینگے۔رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ ایام محرم الحرام میں صوبہ بھر میں 9119 جلوس اور 36139مجالس کا اہتمام ہوگا جن میں سے 1249جلوس اور 3264مجالس اے کیٹیگری کی ہوں گی- پنجا ب بھر میں کل 782حساس مقامات میں سے 227فلیش پوائنٹس جبکہ 555ٹربل سپاٹس ہیں، یکم محرم سے لے کر دسویں محرم تک نکلنے والے9119جلوسوں کے لئے 3لاکھ اٹھاون ہزار نو سو سولہ سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے جن میں پولیس کے 199221 جوان، 42911پولیس رضا کار، 18751سپیشل پولیس فورس اہلکار اور 98033رضا کار شامل ہیں،انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے آرمی کی 82جبکہ رینجرز کی 5کمپنیاں تعینات رہیں گی، لاہور میں آرمی کی 8 رینجرز کی 2کمپنیاں پولیس کی مدد کے لئے موجود ہوں گی-