سی پیک منصوبہ بلوچستان کو ترقی پر گامزن کریگا، وزیر مملکت پٹرولیم

September 30, 2016

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) بلوچستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء نے نسٹ کا دورہ کیا وزیر مملکت پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان تقر یب کے مہمان خصوصی تھے۔ طلباء کی آمد پر انہیں نسٹ کے آئندہ منصوبوں کے قیام ، مختلف اداروں کے پروگرام اور تحقیقی کاموں پر جامع تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، اس موقع پر وزیر مملکت جام کمال خان نے ریکٹر نسٹ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بلوچستان کے طلباء کو نسٹ آنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ بلوچستان کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں شعبہ تعلیم میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء غیر ترقی یافتہ صوبے میں تعلیم پر توجہ دیں، ریکٹر نسٹ انجینئر محمد اصغر نے طلباء کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات درست نہیں کہ نسٹ یونیورسٹی صرف امیر خاندانوں کیلئے ہے، نسٹ میں پچاس فیصد ضرورت مند طلباء جو درمیانے اور نچلے طبقے سے تعلق رکھتے ہیں انہیں داخلہ حاصل کرنے کے بعد وظائف دیئے جاتے ہیں۔ بعدازاں طلباء کو ان میں میسر سہولیات سے آگاہ کیا گیا، ریکٹر نسٹ نے کہا کہ مستقبل قریب میں نسٹ کوئٹہ میں اپنا کیمپس قائم کرے گی۔