حکومت پنجاب نے مدارس کا تیا پانچا کردیا، لوگوں کو سڑکوں پر لائینگے

October 21, 2016

اسلام آباد / لاہور (صباح نیوز / نمائندہ جنگ ) دفاع پاکستان کونسل نے 28؍ اکتوبر کو اسلام آباد میں شہداء اسلام و دفاع پاکستان کانفرنس منعقد کرانے کا اعلان کردیا ہے ۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولاناسمیع الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے مذہبی رہنمائوں کے شناختی کارڈ منسوخ کرنا غیر آئینی و غیر قانونی ہے، حافظ محمد سعید کیخلاف حکومتی اقدامات قابل مذمت ہیں ، حکومتی وزیر مودی کی زبان بول رہے ہیں ، حکومت پنجاب نے مدارس کا تیا پانچا کردیا ہے ، ہم مثبت اور پرامن جدوجہد کریں گے ، عوام کو فعال بنا سڑکوں سے لائیں گے ، اپنے پلیٹ فارم سے جدوجہد کررہے ہیں ، تحریک انصاف نے رابطہ نہیں کیا ، رابطہ کیا تو مشاورت سے فیصلہ کریں گے ، آرمی چیف کی تبدیلی کےحوالے سے آئین کے مطابق طریقہ کار اپنایا جائے ہم تائید کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیگر قائدین لیاقت بلوچ ،حافظ محمد سعید ،علامہ محمد احمد لدھیانوی ،شاہ اویس نورانی ،فضل الرحمان خلیل،حامدالحق ،سید یوسف شاہ،عبداللہ گل،اجمل وزیر،سید ضیاء اللہ شاہ ، عبدالغفور روکڑی ودیگر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولاناسمیع الحق نے کہا کہ میری صدارت میں دفاع پاکستان کونسل کا سربراہی اجلاس ہوا ہے ۔ جس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سمیت تمام جماعتوں کے سربراہان نے شرکت کی ، ہمارے لئے سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کا دفاع اور دوسرا بڑا مسئلہ ملک کا استحکام ہے ۔ ملک کے استحکام نفاذ اسلام کے بغیر بالکل ممکن نہیں ، کچھ لوگ اسلام کے بارے میں اندرونی انتشار پھیلانے کیلئے سرگرم ہیں ۔ حافظ سعید کے بارے میں ایسے بیان دیئے جارہے ہیں جو صرف دشمن کو ہی خوش کرسکتے ہیں ۔ مختلف محب وطن لیڈروں کو بدنام کیا جارہا ہے ۔ مودی کو یہ بیانات دے کر درست ثابت کررہے ہیں ۔ کابینہ کے وزیر وہ بیان دیتے ہیں جو مودی دیتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کچھ جماعتوں پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں درجنوں افراد کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ ضبط کرلئے گئے ہیں ان کی شہریت منسوخ کردی گئی ہے ۔