پہلا ٹیسٹ: بین اسٹوکس نے بنگلہ دیش کو ’’بین‘‘ پر مجبور کردیا

October 25, 2016

چٹاگانگ( جنگ نیوز) بنگلہ دیش نے انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے کا سنہری موقع گنوادیا۔ انگلش آل رائونڈر بین اسٹوکس نے پورے ملک کو بین کرنے پر مجبور کردیا۔ مہمان ٹیم نے میچ 22 رنز سے جیت کر ٹائیگرز کے خلاف اپنی کامیابیوں کا 100 فیصد ریکارڈ برقرار رکھا۔ پیر کو میچ کے آخری روز ہوم سائیڈ کو فتح کیلیے 33 رنز جبکہ انگلینڈ کو دو وکٹ درکار تھے۔ بین اسٹوکس نے دونوں وکٹ حاصل کرکے فتح ٹیم کی جھولی میں ڈال دی۔ ٹائیگرز نے پانچویں دن کا آغاز آٹھ وکٹ پر 253رنز سے کیا۔ صابر رحمٰن اور تیج الاسلام نے پراعتماد آغاز کرتے ہوئے ابتدائی تین اوورز میں 10رنز کا اضافہ کرلیا ۔شائقین کی امیدیں بہت بڑھ گئیں۔ لوگوں نے جشن منانا شروع کردیا لیکن پھر قسمت نے پلٹا کھایا۔ اگلے اوور میں بین اسٹوکس نے پہلی ہی بال پر تیج الاسلام کو ایل بی ڈبلیو کردیا، فیلڈ امپائر نے فیصلہ بیٹسمین کے حق میں دیا البتہ ریویو پر تھرڈ امپائر نے بیٹسمین کو چلتا کیا۔ دو گیندوں بعد اسٹوکس نے آخری بیٹسمین شفیع الاسلام کو ایل بی ڈبلیو کرکے بنگلہ دیش اننگز سمیٹ دی، انہیںمیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ صابر رحمان 64 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ گیراتھ بیٹی نے تین جبکہ معین علی، اسٹیورٹ براڈ اور بین اسٹوکس نے دو، دو شکار کیے۔