دہشتگردوں کے سہولت کاروں کیخلاف کارروائی کرنا ہوگی،نجم سیٹھی

October 26, 2016

کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام " آپس کی بات " میں بلوچستان میں کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ کالج پر حملے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا کہ دہشت گردی ختم کرنے کے لئے دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی،اس کمپاؤنڈ میں 2006اور 2008 میں بھی حملہ ہوا،یہ ایک ٹارگٹ تھا اور پورے ملک میں اس قسم کے ٹارگٹ ہیں ،لاہور میں پولیس ٹریننگ انسٹیٹیوٹ پر حملہ ہوا تھا ۔شہریوں کو سافٹ ٹارگٹ بنایاجاتا رہا ہے بازاروں میں ، لیکن طالبان نے جب یہ عمل کیا تو میڈیا ان سے ناراض ہو گیا۔اس وقت وہ میڈیا کو جیتنا چاہ رہے تھے ، اس وقت میڈیا اور سیاسی جماعتوں میں ان کے لئے ہمدردیاں تھی ، لوگ کہتے تھے کہ یہ گمراہ مسلمان ہیں انھیں مارنا نہیں ان سے بات کرنا چاہئے۔اس لئے دہشت گردوں نے عوام کو نشانہ بنانا چھوڑ دیا ۔کیوں کہ عوام ان سے دور ہو رہے تھے اور میڈیا ،سیاست میں ان کے حمایتی ان کا دفاع نہیں کر پار ہے تھے تو طالبان نے عوام سے ہٹ کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سافٹ ٹارگٹ جہاں کوئی مزاحمت نہ ملے اور سیکیورٹی سخت نہ ہو وہاں انھوں نے حملے شروع کئے اور وہی پالیسی اب تک چل رہی ہے۔نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا آپس میں تعاون نہیں ہے ، کوئی معلومات کا تبادلہ نہیں کرتا اور یہ سیکیورٹی الرٹ لے آتے ہیں تاکہ یہ کل کو کوئی نہ کہہ سکے کہ ہم نے بتایا نہیں تھا لیکن اس سیکیورٹی الرٹ کے خطرے کو کم کرنے کے لئے مزید آگے کوئی سسٹم موجود نہیں۔