جنوبی ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر سے مشروط ہے، سینیٹر عبدالقیوم

October 27, 2016

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) برطانیہ کا دورہ کرنے والے خصوصی پارلیمانی وفد کے رکن سینیٹر (ر) جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیںہوسکتا۔ بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، عالمی برادری مسئلہ کشمیر حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کااظہار پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر کی جانب سے ایک تقریب سے خطاب میںکیا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن چاہتا ہے اور کشمیریوںکی آزادی کے لئے اپنی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے میں مصروف ہے۔ امجد بشیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر آج کا مسئلہ نہیںہے بلکہ کئی دہائیوں سے حل طلب مسئلہ ہے۔ یہ مسئلہ مذاکرات کے ذریعہ حل کرانا ضروری ہےتاکہ قیمتی جانیں ضائع نہ ہو محمد افضل خان نے کہا کہ بہترین حل یہ ہے کہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام رائے شماری کرائی جائے اور کشمیریوں کو آزادی دی جائے کہ وہ اپنا ووٹ استعمال کرکے مسئلہ کا فیصلہ کرسکیں۔ قیصر شیخ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کمیونٹی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے صرف پاکستانی پرچم تلے کام کریں۔ ڈاکٹر ظہور احمد نے کہا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میںعالمی برادری کے سامنے پیش کررہی ہے انہوںنے کہا کہ اگر مسئلہ کشمیر حل نہ کیا گیا تو جنوبی ایشیا میں کشیدگی بڑھ جائے گی۔ تقریب میں شامل کونسلر فیصل رشید، چوہدری انیل مسرت، چوہدری محمد نواز گوندل ، ڈاکٹر طارق چوہان، چوہدری سعید عبداللہ ، حاجی عبدالغفار، اختر صنم، چوہدری محمد طفیل، ڈاکٹر نعمان ، ڈاکٹر ناہید کیانی، کونسلر یاسمین ڈار، بریڈفورڈ کے قونصلر جنرل احمد امجد، کونسلر نعیم الحسن ، چوہدری محمد افضل، ندیم بٹ کے علاوہ مختلف افراد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر یونس پرواز نے تلاوت قرآن پاک اور ہدیہ نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا۔