مودی پر کشمیریوں کے قتل کا مقدمہ بنایا جائے،چوہدری مجید

October 28, 2016

مظفرآباد (نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر و سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی ہدایت پر پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداروں نے کارکنوں نے ریاست بھر میں یوم سیاہ بھرپور انداز میں منایا ۔ مختلف اضلاع میں تقریبات منعقد کی گئیں ۔اس موقع پر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ27اکتوبر1947 کا دن ہماری تاریخ میں کشمیری عوام کے لئے سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور کشمیری عوام کی آواز کو دباتے ہوئے اپنی فوجیں کشمیر میں اتاریں اور ریاست کے نصف سے زائد حصے پر غاصبانہ قبضہ کر لیا ۔ ۔ نہتے کشمیریوں کا قتل عام ، حریت قیادت کی نظر بندی ،پیلٹ گن کا استعمال ، اغواء ،خواتین کی آبروریزی، ٹار چر سیلوں میں نوجوانوں کی اموات سمیت یہ ہروہ ہتھکنڈا استعمال کر رہا ہے جس کا مہذب دنیا میں تصور نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے دنیا کو دھوکا دینے کے لئے سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولر ازم کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے ۔نریندر مودی کے خلاف عالمی عدالت میں کشمیریوں کے قتل عام کا مقدمہ بنایا جائے ۔وہ وقت دور نہیں جب کشمیرآزاد ہو کر رہے گا۔انہوں نے برہان مظفر وانی سمیت کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ۔