پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے،مفتی نعیم

December 03, 2016

کراچی( اسٹاف رپورٹر)جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس مفتی محمدنعیم نےکہا ہےکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے، اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 150فیصد سے زائداضافے کا بوجھ غریب پر لادا جارہاہے،ملک میں مہنگائی کے ساتھ بیروزگاری بھی بڑھ رہی ہے،نواجوان نوکریوں کیلئے ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ، پہلے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات سے عوام کو محروم رکھا گیا اب اضافے کے ذریعے عوام کی زندگی اجیرن بنائی جارہی ہے ، تاجروں کے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 56فیصد عوام خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، غربت اور تنگ دستی کے باعث خودکشی اور اپنے جگر گوشوں کی فروخت کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں اس کے باوجود حکمراں مہنگائی اور بیروزگاری کی روک تھام کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کررہے، نوازشریف کی توجہ ہمیشہ پلوں اورسڑکوں پر رہتی ہے انہیں یہ معلوم نہیں ہے کہ اس ملک کے غریب کے بچے دن بھربھوکے پیاسے رہ کر اپنے سرپرست کی راہ تکتے ہیں کہ وہ کماکر آئے گا تو کھائیں گے،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے ۔