اساتذہ کی ترقیابی کے طریق کار پر نظرثانی کی جائے، ملک رفیق

December 04, 2016

اعوان آباد (نمائند جنگ) حکومت آزاد کشمیر نے اساتذہ کی ترقیابی کے لیے جو قانون سازی کی ہے اس سے اساتذہ کے حقوق پامال ہوئے ہیں اور اساتذہ کے حقوق پر شب خون مارا گیا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ان خیالات کا اظہار ملک محمد رفیق مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ٹیچرز آرگنائزیش آزاد کشمیر نے بیٹھک اعوان آباد میں اساتذہ کی ایک ہنگامی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا 27اور 30سال سے جو اساتذہ اپنی ترقیابی کے انتظار میں تھے حکومت نے سنیارٹی کا کوٹہ 25فیصد کرکے اساتذہ کے حقوق پر شب خون مارا ہے جس سے پورے آزاد کشمیر کے اساتذہ کے اندر مایوسی پیدا ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ اساتذہ کش قانون واپس نہ لیا گیا توہم ٹیچر آرگنائزیشن کے پلیٹ فارم سے سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا گیا کہ اساتذہ کی ترقیابی کے طریق کار پر نظرثانی کی جائے اور اساتذہ کا کوٹہ جو رولز 1994ء میں تھا اسے بحال رکھا جائے ۔اجلاس سے سردار عبدالمجید ، ملک گلفراز ، انور خان ، آفتاب خان ،پرویز اعوان ،اصغر ملک اور عبدالرئوف چوہدری نے بھی خطاب کیا ۔