ایس ایس پی چوہدری اسلم کے قاتل سمیت 4 دہشت گردوں کی سزائے موت پر آرمی چیف کے دستخط

December 06, 2016

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے 4دہشتگردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔آئی ایس پی آرکے مطابق دہشتگردوں کوانسداددہشتگردی کی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی جس پر آرمی چیف نے دستخط کر دیئے۔ دہشتگردوں میں عطاء الرحمن، صابر ،گل زرین اور فاروق بھٹی شامل ہیں، چاروں دہشتگرد شہریوں، سکیورٹی فورسزاوراے ایس ایف اہلکاروں کے قتل اورکراچی ایئرپورٹ ،سی آئی ڈی بلڈنگ کراچی اورآئی ایس آئی آفس سکھر پرحملوں میں ملوث تھے۔یہ دہشتگرد ایس ایس پی چوہدری اسلم سمیت58 افرادکے قتل اور ایس ایس پی فاروق اعوان سمیت226 افرادزخمی کرنے میں بھی ملوث تھے۔ دہشتگرد گل زرین ولد گل شریف کاتعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور پولیس کانسٹیبل سرتاج کے قتل میں ملوث تھا، گل زرین نے حملے کرکے ایس ایس پی فاروق اعوان سمیت 10 افراد کو زخمی کیا، گل زرین کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا۔سزاپانے والے دہشتگردوں نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ میں اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔