پی آئی اے کا تباہ شدہ اے ٹی آر طیارہ 10 سال پرانا تھا

December 08, 2016

احسن چوہدری...... پی آ ئی اے کا تباہ ہونے والا اے ٹی آ ر 42 (AP-BHO ) طیارہ دس سال پرانا تھا۔ یہ طیارے کم مسافت کی پروازوں کے لئے استعمال ہوتے ہیں اور اپنے نام اے ٹی آرکی مناسبتسے ریجنل یا علاقائی طیارے کہلائے جاتے ہیں۔

یہ طیارے فرانس اور اٹلی میں تیار ہوتے ہیں اور ائیر بس انڈسٹری کی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہیں۔

پہلی مرتبہ یہ طیارہ1984 میں تیار ہوا تھا جبکہ آ خری طیارہ 2012 میں بنا جس کے بعد اس طیارے کا نیا ورژن ATR 72 بنایا گیا۔

دنیا کی مختلف ائیرلائنز اس طیارے کو استعمال کرتی ہیں جبکہ بعض ممالک اسے ملٹری مقاصد کے لئے بھی استعمال کرتے ہیں۔ اس میں ٹربو پراپ انجن نصب ہیں جو عام طور پر محفوظ تصور کئے جاتے ہیں۔

اس طیارے کو پہلا حادثہ 29 سال قبل 1987میں اٹلی میں پیش آ یا تھا جس میں 37 مسافر ہلاک ہوئے تھے منگل تک اس طیارے کے 32 حادثات ہو چکے تھے۔