شدید دھندکے باعث بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ میں اضافہ، نظام زندگی مفلوج

January 11, 2017

سکھر ،پڈعیدن+ٹنڈومحمدخان(بیو رو ر پو ر ٹ +نامہ نگاران) شدید دھند کے باعث بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ میں اضافہ، نظام زندگی مفلوج ہو گیا ۔ سکھر اور دیگر علاقوں میں صبح سے رات گئے تک سرد ہوائیں چلتی رہیں ، سردی کی شدت میں اضافے سے مارکیٹوں میں گرم ملبوسات کے خریداروں کا رش ہے جبکہ یخنی ، سوپ، چائے کے ٹھیلوں اور ہوٹلوں میں لوگوں کی بڑی تعداد سردی کی شدت کو کم کرنے کے لئے ان اشیاء کا استعمال کررہی ہے۔ شدید سردی اور دھند کے باعث بجلی اور مواصلات کا نظام بھی متاثر ہورہا ہے۔پڈعیدنمختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے۔،گیس اور بجلی کا طویل بریک ڈائون ،شدید دھند میں حد نگاہ صفر ہوگئی ،لوگوں کی مشکلات میں اضافہ،تفصیلات کے مطابق پڈعیدن ،دریاخان مری ،کوٹ لالو ،جلالجی سمیت دیگر علاقوں میں شدید دھند رہی ،جس کے باعث حد نگاہ صفر ہوگئی ،شدید دھند سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ دھند کے باعث رابطہ سڑکوں اور مہران نیشنل ہائی وے پر ٹریفک بری طرح متاثر رہی ہے۔ شدید دھند اور سری میں اضافے سے محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت4سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،سردی میں شدت اور دھند کے باعث بجلی اور گیس کی فراہمی معطل کردی گئی ہے۔24گھنٹے سے گیس کی فراہمی معطل رہی جبکہ بجلی کا طویل 15گھنٹے بریک ڈائون رہا جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ،شدید دھند اور سردی میں گیس اور بجلی کی بندش سے طلبا وطالبات بغیر ناشتے اسکول پر مجبور ہیں جبکہ سردی میں اضافہ پر طلبا وطالبات نے حکومت سندھ سے سردی کی چھٹیوں میں اضافہ کا مطالبہ کردیاہے۔ٹنڈومحمدخانشہر اور گر دو نواح میں حیسکو انتظامیہ کی جانب سے دن رات کئی کئی گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے اور سردی کے موسم میں 12 گھنٹے بجلی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہےجبکہ ٹنڈومحمدخان شہر کے علاقوں میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی لوڈشیڈنگ اور لو پریشر کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث اسکول اور دفتر جانے والوں ،دوپہر اور رات کے اوقات میں کھانا پکانے کے لئے گھریلو صارفین کو بہت پریشانی کا سامنا ہے۔ شہریوں نے وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے۔ کوٹری میں سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی گیس کے پریشر میں حددرجے کمی کے باعث متعدد علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر کمی کی اطلاعات ہیں ۔کامیسری باغ ،ریلوے کالونی ،گودھرا محلہ ،شاہی بازار ،میمن محلہ ،شیرازی محلہ اور دیگر متعدد علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کی عام شکایات ہیں ۔دوسری جانب سرد موسم میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے اوقات میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ شہر میں سردیوں میں گیس کی کمی کے باعث شہر ی مہنگے داموں لکٹریاں خریدکر ایندھن کی ضرورت کو پورا کرنے پر مجبور ہیں ۔