ناہید خان کی الیکشن کمیشن کو پیپلزپارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن تسلیم نہ کرنیکی درخواست

January 11, 2017

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن اور انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملہ پر صفدر عباسی اور ناہید خان متحرک ہوگئے۔ پیپلز پارٹی کی نارض رہنما ناہید خان نے الیکشن کمیشن کو پیپلزپارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن تسلیم نہ کرنے کی درخواست دے دی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ پیپلزپارٹی رجسٹریشن کیس میں پیش رفت نہ کی جائے۔ ناہید خان کا موقف ہے کہ پیپلزپارٹی کی رجسٹریشن کا کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر التواء ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ہائی کورٹ کے فیصلے تک کوئی اقدام نہ کیا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں مقدمہ کی سماعت 23جنوری کو شیڈول ہے۔ ناہید خان کے شوہر ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا ادغام بلاول کو متنازعہ بنانے کی کوشش ہے۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں کو آپس میں لڑانے کے لئے سازش کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ لوگ سازش کرکے بلاول کو متنازع بنانے میں مصروف ہیں۔