مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ کا بیان جھوٹ کا پلندہ ہے،عبدالمجیدترمبو

January 11, 2017

کراچی( جاوید رشید)جے کے ایل ( آر) کے سرپرست اعلی بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے ریاستی اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے بیان کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے اسے گمراہ کن قرار دیا ۔ انھوں نے ان کے بیان کو حیران کن قراردیتے ہوئے کہا کہ پانچ ماہ کے دواران ریاستی وزیر اعلیٰ نے فوجی کمانڈ کونسل کے سربراہ حیثیت سے فوجیوں کو قتل عام کی کھلی چھوٹ دی اور اب مگر مچھ کے آنسو بہاکر اپنے جرائم کی پردہ پوشی کررہی ہے ۔بیرسٹرعبدالمجیدترمبو نے کہا کہ جموں کشمیر کے بچے بچے کی زبان پر آزادی کا نعرہ ہے اور ان کے ہیرو شہیدبرہان کی شہادت کے ساتھ ہی لوگ ان سے عقیدت کا اظہار کرنے کے لئے سڑکوں پہ نکل آئے لیکن محبوبہ کو یہ سب پسند نہ آیا اور فوجیوں کوقتل عام اور بچوں کو اندھا کرنے کے کھلے احکامات جاری کئے ۔بیرسٹرعبدالمجید ترمبونے حکام کے جھوت پر سخت غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ کو اس سارے قتل عام کے لئے ذمہ داری قبول کرلینی چاہئے۔بیرسٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ جموں کشمیر کے عوام کسی کے اکسانے پر احتجاج نہیں کرتے بلکہ آزادی کا جزبہ ان کی رگوں میں کوٹ کوٹ کے بھرا ہوا ہے۔ اس لئے وہ کسی کے بہکاوے میں نہیں بلکہ آزادی کے حصول کے لئے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرتے ہیں ۔بیرسٹر نے کٹھوہ میں ہندو فرقہ پرستوں کی جانب سے مسلمانوں پر کئے گئے حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس سلسلے کو روکا نہ گیا تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔