ضلع باغ میں نئے سال کی پہلی قومی پولیو مہم کا افتتاح کر دیا گیا

January 16, 2017

باغ (نمائندہ جنگ)ضلع باغ میں نئے سال کی پہلی قومی پولیو مہم کا افتتاح کر دیا گیا 16جنوری سے 18جنوری تک ضلع بھر میں 64ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے قومی پولیو مہم کا افتتاح ڈپٹی کمشنر باغ چوہدری گفتار اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طارق نے ڈی ایچ او آفس میں بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلا کر کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چوہدری گفتار نے کہا کہ سردیوں کے ان ایام میں پولیو مہم مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں محکمہ صحت کے ملازمین گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں پولیو موذی مرض ہے اس کے خلاف جہاد میں سب کو مل کر کام کرنا ہو گا محکمہ صحت کے ملازمین کے ساتھ تمام محکمے اور سول سوسائٹی کے افراد قومی پولیو مہم میں محکمہ صحت کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر طارق نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ان تین دنوں میں 64940بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لیے 222موبائیل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں 52سپر وائزر ان ٹیموں کی نگرانی کریں گے 9ٹرازنٹ اور 57فکسڈ سینٹر بنائے گئے ہیں انھوںنے کہا کہ موسم کی شدت کی وجہ سے مشکلات آسکتی ہیں اس لیے والدین ٹیموں کے گھروں میں نہ پہنچنے کی صورت میں قریبی ہیلتھ سینٹر میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے لے جائیں یا پھر پولیو کنٹرول روم نے اس نمبر 05823920089پر اطلاع کریں انھون نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر اس مرض کو ختم نہیں کیا جا سکتا اس لیے والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے ان کو پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلائیں