کے سی سی آئی کے زیراہتمام ’مائی کراچی‘ نمائش اپریل میں ہوگی

February 16, 2017

بزنس مین گروپ ( بی ایم جی ) کے چیئرمین اور سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سراج قاسم تیلی نے کے سی سی آئی کے زیراہتمام 14ویں ’’مائی کراچی‘‘ نمائش کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمائش کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں جوایکسپو سینٹر کراچی میں بھرپور آب وتاب کے ساتھ7اپریل کو شروع ہو کر 9 اپریل 2017 کو اختتام پذیر ہو گی۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو کے سی سی آئی آڈیٹوریم میں بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔اس موقع پر بی ایم جی کے وائس چیئرمین ہارون فاروقی، کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد فرپو، سینئر نائب صدر آصف نثار،نائب صدر محمد یونس سومرو، چیئرمین خصوصی کمیٹی برائے’’مائی کراچی‘‘ نمائش محمد ادریس، سابق صدر اے کیو خلیل،میاں ابرار احمد، محمد ہارون اگر، عبداللہ ذکی،افتخار احمد وہرہ، یونس محمد بشیر، چیئرمین خصوصی کمیٹی برائے اسمال ٹریڈرز مجید میمن اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

سراج قاسم تیلی نے 2004سے اس نمائش کے انعقاد میں میڈیا کے تعاون کو سراہا جس کے نتیجے میں یہ میگا ایونٹ نہ صرف کراچی چیمبر اور بزنس مین گروپ بلکہ تمام کراچی والوں کے لیے آئیکون بن گیا ہے۔’’ مائی کراچی‘‘ نمائش کی کامیابی کا سہرا 2004سے بلا تعطل حمایت کے باعث میڈیا کو جاتا ہے جس سے اس ایونٹ کو مؤثر طریقے سے فروغ دینے میں مدد ملی۔

انہوں نے بتایاکہ اس سال ’’مائی کراچی‘‘ نمائش میں280کے قریب اسٹالز لگائے جائیں گے۔نمائش میں10سے15ممالک کے وفود کی شرکت بھی متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نمائش اپنے خراجات خود برداشت کرتی ہے اور کراچی چیمبر پر کبھی بھی بوجھ نہیں بنی جبکہ اس نمائش سے حاصل ہونے والا ریونیو کراچی چیمبر کے اکاؤنٹس میں جمع کروادیاجاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایاکہ اس سال کی نمائش میں فیملیز کو تفریح فراہم کرنے کے لیے بچوں کے لیے پلے ایریا، پرندوں، پالتو جانوروں کا شو،پھولوں کی نمائش اور دیگر تفریحی سہولتوں کا بھی انتظام کیاجائے گا۔