شام کا مسئلہ جیسے جیسے حل ہوگا، داعش کے لوگ پاکستان کا رخ کرینگے،سیکریٹری خارجہ

February 17, 2017

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی داخلی اور خارجی پالیسی میں سب سے پہلی ترجیح ملک و قوم کا مفاد ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف ہم اپنی حکمت عملی کے تحت ہی اقدامات کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے کسی طرف سے ڈو مور کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ جمعرات کو ایئر یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ داعش کے لوگ افغانستان میں جمع ہو چکے،جیسے جیسے شام کا مسئلہ حل کی طرف جائے گا یہ لوگ پاکستان کا رخ کریں گے۔پاکستان میں داعش کی کامیابی کا امکان بھی نہیں کیونکہ پاکستانی دہشتگردوں کیخلاف متحد ہو چکے ہیںتاہم افغانستان میں ان کے اجتماعات کے باعث پاکستان کو اس صورتحال پر تشویش فطری بات ہے۔ اعزاز احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف مسالک کے درمیان خون بہانے والی تنظیموں کیخلاف بھی منظم اور موثر کارروائی کا آغاز ہو چکا ہے۔ پاکستان، نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ خوشگوار انداز میں تعلقات کو بڑھانا چاہتا ہے اور مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو عالمی سطح پرکوئی تنہا نہیں کر رہا، یہ محض بھارتی پروپیگنڈہ ہے جس نے سارک کو بھی بُری طرح متاثر کیا ہے۔سی پیک کے ذریعے پاکستان میں انقلاب برپا ہونے جارہا ہے اور فطری طور پر بعض قوتوں کو اس سے تکلیف ہے۔افغانستان پر اربوں ڈالر خرچ کرنے کے باوجود وہاں امن قائم نہیں ہوا آج افغانستان سے دہشت گرد اٹھ کر پاکستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں اور پی ایس ایل جیسے ایونٹ کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔